22 اگست 2015 - 19:20
داعش نے شام میں قدیم کیتھولک خانقاہ مسمار کر دی

تکفیری گروپ دولت اسلامیہ عراق و شام (داعش) نے شام کے وسطی صوبے حمص میں کیتھولک عیسائیوں کی ایک قدیم خانقاہ کو مسمار کر دیا ہے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ تکفیری گروپ دولت اسلامیہ عراق و شام (داعش) نے شام کے وسطی صوبے حمص میں کیتھولک عیسائیوں کی ایک قدیم خانقاہ کو مسمار کر دیا ہے۔ عالمی میڈیا کے مطابق برطانیہ میں قائم شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق کے سربراہ رامی عبدالرحمن نے جمعہ کو اطلاع دی ہے کہ داعش نے گزشتہ روز حمص میں واقع قصبے القریتین میں مار ایلیان خانقاہ کو بلڈوزروں کے ذریعے ڈھا دیا۔ انھوں نے بتایا کہ داعش کے جنگجوؤں نے کیتھولک خانقاہ کو مسمار کیا ہے اور مسمار شدہ خانقاہ کی تصاویر بھی آن لائن پوسٹ کی ہیں۔ داعش نے القریتین پر پانچ اگست کو قبضہ کیا تھا اور وہاں سے قریباً دو سو تیس افراد کو اغوا کر لیا تھا، ان میں بیسیوں عیسائی بھی شامل تھے، یہ قصبہ حمص کے مشرقی علاقے اور لبنان کی سرحد کے نزدیک وادی قلمون کے درمیان مرکزی شاہراہ پر واقع ہے۔ شامی آبزرویٹری کا کہنا تھا کہ داعش کے جنگجوؤں نے قصبے پر قبضے کے وقت گرفتار کیے گئے اڑتالیس افراد کو رہا کر دیا ہے اور ایک سو دس افراد کو اپنے اثر و رسوخ والے علاقے الرقہ میں منتقل کر دیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲